بہاولپور(سٹی رپورٹر) میونسپل کارپوریشن بہاولپور کا ششماہی 34 کروڑ 49 لاکھ روپے کا بجٹ منظورکرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن بہاولپور کا بجٹ اجلاس گذشتہ روز دفتر میونسپل کارپوریشن بہاولپور منعقد ہواجس کی صدارت بلا ل بلوچ نے کی،بجٹ میئر عقیل نجم ہاشمی نے پیش کیا جسے متفقہ طورپر ہاؤس نے منظور کرلیا،بجٹ لوکل ایکٹ 2013 کے مطابق ترتیب دیا گیا۔جس میں عوام کے بنیادی ضروریات اور مفاد عامہ کے روزمرہ امور کے حل کرنے کو ترجیح دی گئی،ششماہی بجٹ میں تخمینہ آمدن 34 کروڑ 49 لاکھ روپے لگایا گیا جبکہ اخراجات میں غٖیر ترقیاتی 25 کروڑ 74لاکھ،ترقیاتی اخراجات میں چار کروڑ 32 لاکھ،ڈویلپمنٹ فنڈز برائے پینشن کی مد میں ایک کروڑ 68 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔جبکہ وصولیات میں فیس جنرل بس سٹینڈایک کروڑ 26 لاکھ،فیس نقشہ جات کی مد میں 8کروڑ پچاس لاکھ،کرایہ دکانات کی مد میں ایک کروڑ 22 لاکھ روپے وصولی کا تخمینہ لگایا گیاہے،بجٹ متفقہ طور پر منظورکرلیاگیا۔