کراچی(اسٹاف رپوٹر)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پروواہ میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے تین افراد کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، اُنہوں نے کہا کہ ایک طرف پاک فوج کی جانب سے آپریشن ʼʼردالفسادʼʼجاری اور دوسری طرف خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی نئی لہر شروع ہوگئی ہے، جو سکیورٹی اداروں کے کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا فوری نوٹس لے،ڈیرہ اسماعیل خان اور خیبرپختونخوا میں اس طرح کے واقعات علاقے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،اگر ان دہشتگردانہ واقعات کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے، ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے اطراف فوری آپریشن کیا جائے، دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ضروری ہے،انہوں نے کے پی کے کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے اطراف پولیس، رینجرز کی چوکیوں کو فعال کیا جائے، کالعدم جماعتوں، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاتفریق آپریشن کیا جائے، ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے، اُنہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروواہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔