ٹھٹھہ(نامہ نگار) غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج، ٹائر نذر آتش۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ اور مکلی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے مکلی غلام اللہ روڈ پر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹائر نذر آتش کیے، اس موقع پر مظاہرین نے کہا حکومتی اعلانات اور دعوؤں کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ٹھٹھہ اور مکلی میں 24 گھنٹوں سے بجلی بغیر کسی سبب کے غائب ہے جبکہ 15 سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ روز کا معمول بن گئی ہے جس کے باعث شہریوں کی زندگی عذاب بن گئی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث مکلی اور ٹھٹھہ میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ہم بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ عوام سے بجلی کی مد میں ماہانہ بھاری بل تو وصول کیے جاتے ہیں لیکن انہیں بجلی فراہم نہیں کی جاتی جوکہ عوام سے زیادتی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کرایا جائے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔