اسلام آباد/لاہور(جنگ نیوز/مانیٹرنگ سیل) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد کو پاگل پن قرار دیا ہےاور کہا ہے کہ اگر کوئی واقعہ ہوا تو اگلے دس برسوں تک پاکستان میں کرکٹ نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے یہ سوال اٹھایا کہ لاہور شہر کی بند سڑکوں اورسخت سیکیورٹی سے کیا امن کا پیغام جائے گا؟۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پوری قوم پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا خیرمقدم کر رہی ہے جبکہ پاگل خان پاگل پن کی باتیں کر رہا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم خوش ہے جس نے دہشت گردوں کوپیغام دیا ہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سیکیورٹی کے انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے 5درجاتی سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے بال ٹھاکرے بننے کی کوشش نہ کریں بلکہ بیان دیتے ہوئے تھوڑا سوچ سمجھ لیا کریں کہ کیا کہنے جارہے ہیں۔