اسلام آباد( نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ اور سینٹ کی داخلہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک کا کہناہے کہ افغان صدراشرف غنی کو ای سی او کانفرنس میں شرکت کرنا چاہئے تھی۔افغان صدر کے پاس اچھا موقع تھا کہ وہ پاکستان آتے اور موجودہ معاملات پر پاکستان کیساتھ بات کرتے۔ صدر اشرف غنی نے بھارت کی ایماء پر ای سی او کا بائیکاٹ کیا۔ اشرف غنی کو بھارت کی بجائے پاکستان کی طرف دیکھنا چاہئے جہاں لاکھوں افغان مہاجرین پناہ لیے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی دونوں ممالک بشمول پورے خطے کیلئے چیلنج ہے۔ملک سکیورٹی خدشات کیوجہ سے نازک صورتحال سے گزر رہاہے۔ رحمان ملک نے کہاکہ حکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں کسی قسم کے اجتماع کی اجازت نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی ایس ایل کیلئے غیرمعمولی سیکورٹی انتظامات کرنا پڑیں گے۔