• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکیومنٹری’ قصور لاسٹ چلڈرن‘ نیویارک فیسٹیول میں نامزد

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک) قصور میں بچوں کے جنسی استحصال کے اسکینڈل پر بننے والی ڈاکیومنٹری کو رواں سال منعقد ہونے والے نیویارک فیسٹیول میں نامزد کرلیا گیا۔’قصور لوسٹ چلڈرن‘ کے عنوان سے 48 منٹ دورانیہ پر مشتمل یہ ڈاکیومنٹری متاثرین کو انصاف دلانے والے ایک ایسے کارکن کی کہانی ہے جو قصور میں سامنے آنے والے اس اسکینڈل کی تحقیقات کرتا ہے۔اس ڈاکیو منٹری کی ہدایات اور پروڈکشن پاکستانی فلم ساز شہزاد حمید نے کی ہے، جسے چینل نیوز ایشیا کی ایوارڈ یافتہ تحقیقاتی سیریز انڈر کور ایشیا کے تیسرے سیزن میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔خیال رہے کہ شہزاد حمید کو نیویارک فیسٹیول میں دیا جانے والا یہ دوسرا اعزاز ہے، اس سے قبل 2016میں انہوں نے اپنی ڈاکیومنٹری ’فلائٹ آف دی فیلکنز‘ کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، اس ڈاکیومنٹری کو کمیونٹی پورٹریٹس کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔شہزاد حمید کی اس سال نامزد ہونے والی ڈاکیومنٹری ’قصور لوسٹ چلڈرن‘ کو انسانی مسائل کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ جولائی 2015 میں یہ اسکینڈل اُس وقت میڈیا کی خبروں کی زینت بنا جب صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کے حسین خان والا گاؤں میں سیکڑوں لڑکوں اور لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے، بھتہ وصولی، دھمکانے اور اس دوران ان کی ویڈیوز بنانے پر پولیس نے 15 افراد کو مقدمے میں نامزد کرکے 3 کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کی جانب سے درج کیے جانے والے مقدمے کے مطابق مذکورہ گینگ 2009 سے علاقہ مکینوں سے لاکھوں روپے بھتہ اور زیورات وصول کرتا آرہا ہے جبکہ اس دوران کم عمر لڑکوں سے زیادتی اور لڑکیوں سے ریپ کی ویڈیوز بھی بناتا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق گاؤں کے تمام افراد اس حوالے سے آگاہ تھے تاہم گینگ کے ملزمان کے اعلیٰ سطح پر تعلقات کے وجہ سے پولیس کو رپورٹ کرنے کی ہمت نہیں کرسکے۔ڈاکیومنٹری ’قصور لوسٹ چلڈرن‘ آن لائن دیکھی جاسکتی ہے۔
تازہ ترین