سانگھڑ (نامہ نگار ) ضلع کونسل سانگھڑ کا تیسرا اجلاس جوکہ مردم شماری پر غور و حوض کے لئے طلب کیا گیا تھا اس وقت شدید ہلڑ بازی اور بد نظمی کا شکار ہوگیا جب ضلع کونسل کے احتجاجی ملازمین نعرہ بازی کرتے ہوئے جاری اجلاس میں داخل ہوگئے اور اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ ذیادتیوں کے سلسلے میں شور شرابا کرتے رہے۔ ملازمین کے اس احتجاج اور شور شرابے کے باعث ایوان کافی دیر تک مچھلی بازار بنا رہا اور کارروائی معطل ہوگئی ملازمین کے رہنما علی خان اور مجتبیٰ خان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ کونسل کے 113 ملازمین کو گزشتہ ایک سال سے تنخواہیں نہیں دی جارہی ہیں جس سے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال ہے متعدد بار ضلع کونسل کے منتخب عہدے داران اور بالا حکام کو صورتحال سے آگاہ بھی کیا جاتا رہا ہے لیکن اس کا کوئی تدارک نہیں کیا گیا۔ چئیرمین ضلع کونسل سانگھڑ خادم حسین رند نے اس موقع پر ایوان کو بتایا کہ ملازمین کا تنخواہوں سے متعلق مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے جبکہ ملازمین کی اسناد کی جانچ پڑتال کا کام بھی جاری ہے جس کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹ ہے تاہم وہ کوشش کررہے ہیں کہ ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ جلد حل کرادیا جائے ایوان میں شور شرابا بڑھ جانے پر پولیس طلب کرلی گئی جس کے سمجھانے بجھانے پر احتجاجی ملازمین ایوان سے باہر چلے گئے جس کے بعد ایوان کی کارروائی شروع کردی گئی۔