لاہور (نمائندگان، ایجنسیاں)آپریشن ردالفساد کے تحت سکیورٹی فورسزنے مختلف شہروں سے100 سے زائد مشتبہ افرادکو گرفتار کرلیا،اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون سے مشکوک جرمن باشندے جبکہرحیم یارخان اور کوٹ سلطان میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 3افراد کو حراست میں لے لیا گیا، پولیس نے کوہاٹ ٹنل سے اسلحے کی بھاری کھیپ پکڑ لی، ایک ملزم گرفتا، اسلحہ افغانستان سمگل کیا جارہا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے،اس دوران 100سے زائد مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون سے مشکوک جرمن باشندے کو حراست میں لے لیا ۔ مارسل ہوٹل کے قریب مشکوک انداز میں گھوم رہا تھا کہ اسی دوران پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مارسل بھارتی سفارتخانے جانا چاہتا تھا ۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گجرات سے 2 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔ ملزمان سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اسماعیل خلیل اور زبیر کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ کراچی سے گرفتار 8افغان باشندوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ادھر پشاور میں کرایہ داری کے کوائف مکمل نہ ہونے پر 25افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ لاہور، راولپنڈی، گجرات، حیدرآباد اور بدین سے100سے زائد افراد گرفتار کرلئے گئے ۔چارسدہ میں آپریشن کے دوران 30 مشتبہ افراد حراست میں لے لیا گیا،جن سے 2 راکٹ لانچر، 2 دستی بم، 6کلاشنکوف، بندوق، پستول اور سیکڑوں کارتوس برآمد ہوئے ہیں ۔کوہاٹ ٹنل کے قریب سے پولیس نے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی ہے ،اسلحہ وین کے خفیہ خانوں میں چھپا کر افغانستان بھیجنے کا منصوبہ تھا ،جسے ناکام بنادیاگیا۔ایس پی آپریشن کوہاٹ طارق محمود کے مطابق پولیس نے درجنوں کلاشنکوف ،پستول اورہزاروں کارتوس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتارکرلیاہے۔رحیم یارخان میں پولیس اورحساس اداروں نے تھانہ صدر اور کوٹ سمابہ کی حدود میں سرچ آپریشن کے دوران چھ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ایک کلاشنکوف ،2 رائفل،10پسٹل برآمد کرلئے۔رحیم یارخان میں حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل وکالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے پر محمد شفیق معاویہ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ کوٹ سلطان کے نواحی قصبہ جمن شاہ میں ،سی ٹی ڈی نےکالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں 2افراد عبدالرحیم ولد خدا بخش اور عزیر احمد ولد محمد رمضان کو حراست میں لے لیا ،جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ساہیوال پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہو ئے کھوکھا بازار کالونی سے 10افغان شہریوں اعوذ با اللہ خاں ، فوما خاں، نور آغا خاں ، وسیم خاں ، حیات اللہ ، واحد اللہ، رحیم خاں ، شریف خاں ، صدیق خاں اور شیر خاں کو گرفتار کر لیا ا۔ن کا تعلق صوبہ ہلمند اور قندھار سے بتا یا جا تا ہے یہ افغان شہری کھوکھا بازار کالونی میں کافی عرصہ سے غیر قانونی طور پر کارو بار کے سلسلہ میں قیام پذیر ہیں پولیس نے ان کے خلاف 14فارنر ایکٹ 1946کے تحت مقدمہ درج کرکے جو ڈیشل کر نے کے لئے عدالت میں پیش کیا تو عدالت نے مقدمہ ڈسچارج کر کے انہیں رہا کر دیا ۔