ٹھٹھہ(نامہ نگار) ضلع کونسل ٹھٹھہ کا اجلاس، ضلع کا سالانہ بجٹ پیش کیا گیا، ٹھٹھہ قدرتی آفات کی زد میں رہتا ہے، سندھ حکومت خصوصی بجٹ فراہم کرے تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل ٹھٹھہ کا اجلاس چیئرمین غلام قادر پلیجو کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں ضلع کونسل کے 69 اراکین میں سے 40 شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ضلع کونسل کے چیئرمین غلام قادر پلیجو کی جانب سے ضلع کا 19 کروڑ، 11 لاکھ، 80 ہزار 572 روپے مالیت کا سالانہ بجٹ پیش کیا گیا جسے کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔ بجٹ میں ضلع کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 10 کروڑ روپے، ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 7 کروڑ 15 لاکھ جبکہ دیگر اخراجات کی مد میں 2 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ بجٹ میں جائیداد کی منتقلی اور فروخت پر ٹیکس بھی عائد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کونسل کے چیئرمین غلام قادر پلیجو نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ ہمیشہ قدرتی آفات کی زد میں رہتا ہے اس لیے حکومت سندھ ضلع کے لیے خصوصی بجٹ فراہم کرے تاکہ ضلع کو مزید ترقی دلائی جا سکے۔