لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کسی پاکستانی کا نہیں ، کلبھوشن ، ریمنڈ ڈیو س اور بلیک واٹرز کے ایجنٹوں کا کام ہے ۔ دہشتگردی قومی مسئلہ ہے اسے لسانی لڑائی نہ بنایا جائے کلمہ کی بنیاد پر بننے والا اسلامی دنیا کا قائد اور ایٹمی قوت کا حامل پاکستان دشمن کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھتا ہے اس لیے اسلام دشمنوں نے پاکستا ن کو ہدف بنارکھاہے ۔دہشتگردی پوری قوم کا مسئلہ ہے اسے سندھی ، پنجابی ، پختون اور بلوچی کی لڑائی نہ بنایا جائے۔ پنجاب اور سندھ کی حکومتیں اپنے اپنے صوبوں میں پختونوں اور بلوچوں کے خلاف متعصبانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیں اور بلاجواز پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ پختون جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جب تک فوج کی پشت پر عوام نہ ہوں ، دہ کوئی معرکہ سر نہیں کر سکتی ۔ دشمن ہماری قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے یے ہمیں قومیت ، لسانیت اور مسلکوں کے اختلافات میں الجھا رہاہے ۔ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے ضروری ہے کہ ہم دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے باہمی اتحاد کو قائم رکھیں ۔