• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد توصیف پاکستان فٹ بال کا قیمتی اثاثہ تھے، فیصل صالح حیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ محمد توصیف پاکستان فٹ بال کا قیمتی اثاثہ تھے، ان کی ناگہانی موت نے ملک بھر میں فٹ بال کے چاہتے والوں کو سوگوار کردیا ہے۔ اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھاکہ توصیف احمد پاکستان فٹ بال کا قیمتی اثاثہ تھے۔ وہ ایک نوعمر اور پر جوش کھلاڑی تھے۔ توصیف نے 2007میں منعقد ہونے والی جیو سوپر فٹ بال لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے اپنی اعلیٰ کارکردگی کی بناء پر ملک گیر شہرت پائی تھی جس کے بعد پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے سال 2011میں فلسطین کی قومی ٹیم کے پاکستان کے دورے میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کی جانب سے گول کیا۔ پیپلز اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے بھی محمد توصیف کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توصیف 2010میں چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں قومی فٹ بال ٹیم کا حصہ تھے اور مڈ فیلڈر کی حیثیت میں کھیلتے ہوئے انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر فیصل صالح حیات، سید خادم علی شاہ، سینیٹر روبینہ عرفان، سردار نوید حیدر خان اور لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے پاکستان میں فٹ بال کے تمام چاہنے والوں کی جانب سے مرحوم کے بلند درجات اور مرحوم کے خاندان اور احباب کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔
تازہ ترین