گھارو (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر محمد حنیف میمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے 9 مارچ کے ٹھٹھہ دورے کے موقع پر ضلع کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے جس سے سندھ میں ترقی کی نئی رائیں کھلیں گی یہ بات انھوں نے گھارو پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی 9 مارچ کو ٹھٹھہ آمد کے سلسلے میں تیاریاں عروج پر ہیں انھوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی ٹھٹھہ آمد موقع پر ٹھٹھہ سجاول کے لیے بڑی مراعات کا اعلان کریں گے جبکہ اس موقع پر ضلع کے مختلف مسائل جن میں واپڈا کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ بلنگ میں 75 فیصد تک رعایت زرعی لون میں 3 سے 5 لاکھ روپےکی معافی 500 دیہاتوں میں گیس کی فراہمی 300 کلو میٹر تک روڈ کی تعمیر ٹھٹھہ سجاول کے عوام کے لیے صاف پانی کی فراہمی ضلع میں ایک میڈیکل یونیورسٹی ایک کیڈٹ کالج کے مطالبات کے علاوہ ہر سال سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین سمندر برد ہونے سے بچانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کی حکمرانوں سے بیزار ہو چکے ہیں طویل عرصے سے سندھ میں حکمرانی کرنے والے پیپلزپارٹی کے حکمرانوں نے سندھ کے عوام کو دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا ہے اور اب وہ کسی مسیحا کے منتظر ہیں جو انکے زخموں پر مرہم رکھے اور انھیں بنیادی سہولتیں فراہم کرے اور نواز شریف ہی وہ عوامی لیڈر ہیں جو عوام کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے انکی ٹھٹھہ آمد کے موقع انکا شاندار استقبال کیا جائے ۔