ساہیوال(ایجنسیاں)ساہیوال میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کا انسپکٹر شہید اور دو اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ مقابلے میں 4دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے فرار ہونے والے دو ساتھی بعد میں فورسز کی کارروائی میں مارے گئے ‘ادھر چکوال میں سی ٹی ڈی نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناکر کالعدم تنظیم کے 2دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا‘ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں آتش گیر مادہ اور بارود بھی برآمدکرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو ساہیوال میں تھانہ فتح گڑھ کی حدود میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی‘ پولیس نفری کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی انسپکٹرفدا حسین شہید اور رینج آفیسر سی ٹی ڈی اقبال جوئیہ سمیت 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا‘ سی ٹی ڈی نے جوابی کارروائی میں 4دہشتگردوں کو گرفتارکرلیاجبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے‘ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے دونوں دہشتگردوں کا پیچھا کیا گیا اور ایک دوسری کارروائی میں دونوں دہشتگرد مارے گئے جن میں سے ایک کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔ دریں اثناء نمائندہ جنگ کے مطابق چکوال میں دہشت گردی اور تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا‘ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ چکوال نے قصبہ چک ملوک کے قریب ایک کارروائی کے دوران دو دہشت گرد گرفتار کر لیے اور ان سے بھاری مقدار میں آتش گیر مادہ اور بارود برآمد کر لیا ۔ مخبر کی اطلاع پر چک ملوک کے قریب سی ٹی ڈی نے عمار طارق سے 485گرام بارود اور 3ڈیٹونیٹر جبکہ طاہر صدیق سے 560گرام بارود اور 2ڈیٹونیٹر برآمد کر لیے ۔ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ سے ہے ۔ ملزمان کا تعلق ضلع ساہیوال سے ہے۔ مزید برآں لاہور کے مختلف علاقوں اسلام پورہ، ساندہ ، مصطفی آباد، شالیمار، باغبانپورہ، یوحنا آباد، بند روڈ کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری سمیت 82افراد کو حراست میں لے لیا ۔ حراست میں لئے گئے افراد سے2 پستول‘ درجنوں کارتوس ، چرس اور شراب بھی برآمد ہوئی۔دوسری جانب پشاور کے تھانہ خان رازق اور تاج آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 70 افرادکو گرفتار کیا جن میں 32افراد کو کرایہ داری کے کوائف مکمل نہ ہونے پر حراست میں لیاگیا۔آپریشن کے دوران 37 مشتبہ افراد بھی گرفتارکرلئے گئے جن میں ایک اشتہاری بھی شامل ہے۔ گرفتار مشتبہ افراد سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی۔