لاہور (نمائندہ خصوصی، آئی این پی)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ شیخ رشید ہمیشہ شرارت کے موڈ میں رہتے ہیں، سراج الحق جیسا احمقانہ تقریر کرنے والا مولوی نہیں دیکھا، شیخ رشید میرے شکر گزار ہوں ،عوام کے ہتھے چڑھ جاتے تو وہ ان کی خوب درگت بناتے۔لاہور میں پی ایس ایل فائنل کی کامیابی اوراسکے پرامن انعقاد پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، یہ پاکستان کی کامیابی اور دہشت گردوں کی ناکامی ہے۔پنجاب اسمبلی اور رانا مشہود کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو سیاسی افراد نے اسٹیڈیم جا کر صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی لیکن جب عوام نے ساتھ نہ دیا تو واپس چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی لیڈر نہیں ہیں ورنہ کوئی بھی سیاسی رہنما پاگل پن میں پی سی ایل فائنل کے انعقاد کے خلاف بیان نہیں دے سکتا تھا۔ ایسے بیانات سے عمران خان کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے اور عوام کو معلوم ہو گیا کہ دہشت گردوں کا حامی کون اور مخالف کون ہے ۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو میرا شکر گزار ہنا چاہیے کہ انہیں مہمانوں کی گیلری کے ٹکٹ بھجوائے ورنہ خدشہ تھا کہ وہ عوام کے ہتھے چڑھ جاتے تو وہ انکی خوب درگت بناتے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا جو فیصلہ بھی آیا نواز شریف اور ن لیگ تسلیم کریں گے تا ہم یہ عدالتی جنگ ہم جیت چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی پاپولر لیڈرشپ کے خلاف ایسا کوئی فیصلہ آیا عوام نے اسے تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پاپولر لیڈر شپ صرف ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو تھیں۔ بلاول بھٹو جو لیڈر بننے کی کوشش کررہے ہیں ان کے کوچ ٹھیک نہیں ہیں جو انہیں ایسی تقریریں کروا رہے ہیں جو ان کی سیاست کا خاتمہ کر سکتی ہے۔