اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے حوالے سے وزیراعظم ہائوس میں اجلاس کرنے کی بجائے پارلیمنٹ ہائوس میں آ کر یقین دہانی کرائیں اس سے پارلیمنٹ کا وقار بھی بڑھے گا۔ اس پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہاکہ آپ کا پیغام پہنچا دوں گا۔ جمعہ کو سینیٹ میں وقفہ سوالات شروع ہوا تو وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے چیئرمین سینٹ سے کہا کہ ان کی وزارت سے متعلقہ سوالات پہلے لے لئے جائیں کیونکہ اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم نے سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا ہے مجھے بھی وہاں جانا ہے ، اس پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ میں نے بھی وزیراعظم کو فون کیا ہے آپ بھی میرا پیغام وزیراعظم کو پہنچا دیں کہ دونوں ہائوسز کے اجلاس جاری ہیں ، وزیراعظم نے وہاں اجلاس میں اقتصادی راہداری منصوبہ کے حوالے سے جو یقین دہانی کرانی ہے وہ دونوں ہائوسز میں آکر کروا دیتے تو اس سے پارلیمنٹ کا وقار بڑھتا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں دونوں ہائوسز کے اجلاس جاری ہیں ادھر وزیراعظم ہائوس میں اجلاس ہو رہا ہے۔