واشنگٹن (جنگ نیوز) لیجنڈ باکسر محمد علی کے بیٹے محمد علی جونئیر نے امریکا میں ٹرمپ کے خلاف مذہبی آزادی کے لئے مہم چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ محمد علی جونئیر کا یہ اعلان امیگریشن حکام کی جانب سے انہیں اور ان کی والدہ کو فلوریڈا ائیر پورٹ پر حراست میں لئے جانے کے ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ محمد علی جونئیر اور ان کی والدہ خلیلہ علی کو واشنگٹن جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔ محمد علی اور ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ انہیں 7 فروری کو فورٹ لوڈریڈل ہالی ووڈ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جامیکا سے واپسی پر حراست میں لیا گیا تھا۔ محمد علی جونیئر کا کہنا تھا کہ امریکی امیگریشن حکام نے ان سے سوال کیا تھا کہ کیا تم مسلمان ہو، جس پر انہوں نے حکام کو بتایا کہ وہ سابق ہیوی ویٹ چیمپئن کے بیٹے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے اور میری والدہ کو مسلمان ہونے اور عربی ناموں کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔