پیرس (نیوز ڈیسک) آسٹریلین کھلاڑی اشلیگ بارٹی نے پیر کو جاری ہونے والی نئی ویمنز سنگلز رینکنگ میں 66 درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر ٹاپ 100 میں جگہ بنا لی، ملائیشین اوپن میں بطور کوالیفائر شریک ہونے والی بارٹی نے کیریئر کی پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی جیتنے کا صلہ 92 ویں پوزیشن کی صورت میں پا لیا۔ انہوں نے کوالالمپور ایونٹ کے فائنل میں جاپانی حریف نائو ہیبانو کو شکست سے دوچار کیا تھا، دوسری جانب ایگاپلکو میں ویمنز سنگلز ٹائٹل فتح نے یوکرین کی لیزاٹی سورنیکو کو 9 درجے بہتری پر 41 ویں پوزیشن کا حقدار بنوا دیا، کرسٹینا میلڈینووک بھی ترقی کے 4 زینے طے کرتے ہوئے 26 ویں پوزیشن پانے میں کامیاب رہیں، اینڈے مرے اور سرینا ولیمز کی عالمی بادشاہت کو دوام ملا۔