• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناموس رسالتؐ کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، مولانا فضل الرحمان

پشاور (نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ توہین رسالتؐ کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی نہ کرنا ریاست کی کمزوری ہے،علمائے کرام اور جمعیت کے کارکن ناموس رسالتؐ کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، مدارس اور مذہبی قوتوں نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے بقا کی جنگ تن تنہا لڑی ہے، جمعیت کا عالمی اجتماع  بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کا مظہر اور مظلوم اقوام کیلئے پیغام نوید ثابت ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عالمی اجتماع کےلئے تیار کردہ پنڈال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری اور عالمی ختم نبوت کے امیر خواجہ خلیل احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان نے عالمی اجتماع منعقدہ 7,8,9اپریل کے انتظامات کے بارے میں قائدین کو بریفنگ دی اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا، مولانا فضل الرحمان نے پنڈال میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں مولانا گل نصیب خان، عبدالغفور حیدری، شمس الرحمان شمسی،مولانا فضل علی، عبدالجلیل جان، حاجی اسحاق زاہد، مولانا عین الدین شاکر اور دیگر ارکان نے شرکت کی،اجلاس میں عالمی اجتماع کے انتظامات اور دیگر اہم امور سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے فیصلوں کے مطابق مرکزی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 21مارچ کوپشاور میں طلب کیا گیاجس میں چاروں صوبوں کے امراء ونظماء اور ارکان مجلس عاملہ اور کمیٹی کے ارکان شریک ہونگے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمی اجتماع بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہو گا اور مظلوم اقوام کے لئے پیغام نوید ثابت ہوگا، انھوں نے کہا کہ عالمی اور صیہونی سازشوں کے زریعے ملک کو عدم استحکام کی طرف  دھکیلنے والی قوتوں کے عزائم خاک میں ملادیے جائیں گے، اس اجتماع کی کامیابی سے تعصب ،نفرت ،لسانی اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے حوصلے پست ہونگے اور امت کی یکجہتی کا زریعہ ثابت ہوگا،مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ توہین رسالت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی نہ کرنا ریاست کی کمزوری ہے ،علماء اور جمعیت کے کارکن ناموس رسالت ﷺ کیلئے ہر قسم کی قربانی دیں گے، انہوں نے کہا کہ مدارس اور مذہبی قوتوں کے خلاف پروپیگنڈہ عالمی صہیونی سازشوں کا ایجنڈا ہے۔ اسلام کو دہشت گرد مذہب قرار دینے والوں خود بڑے دہشت گرد ہیں۔ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے۔
تازہ ترین