لاہور(نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کے بعد ہم نے پاکستان میں امریکیوں کا سروے کروایا اوریہ بات سامنے آئی کہ ریمنڈ ڈیوس کو ویزا اسلام آباد سے امریکی سفارتخانے سے جاری ہوا ۔انہوں نے حسین حقانی سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات لگانے سے کچھ نہیں ہوگا،اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈر کو شامل کیا جائے،ہم پر الزام ہے کہ ہم نے امریکن سویلینز کو ویزے دئیے لیکن جنہوں نے پوری فوج کو اجازت دی ان سے کیوں نہیں پوچھا جاتا ۔بلاول ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد ہم نے نیٹو سپلائی بند کی اوریہ آصف زرداری تھے جنہوں نے اوباما سے ہاتھ ملانے اور نیٹو سپلائی کھولنے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ویزے سفیر صرف حکومت نہیں لاتی بلکہ اس میں کئی اور ادارے بھی اس عمل میں شامل ہوتے ہیں۔ شمسی ائیر بیس اور دیگر اڈے مشرف نے امریکہ کو دئیے ۔ حکومت مشرف ، حقانی اور کلبھوشن کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیشن بنائے ۔ نجومی نہیں جو بتا سکوں کہ پاناما کا کیا فیصلہ آئے گا ۔لیکن بظاہر موسم خراب نظر آرہا ہے۔