اسلام آباد (نمائندہ جنگ،اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وژن 2025ءکے تحت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانا ہماری قومی پالیسی ہے، تعلیم، صحت اور دوسرے سماجی شعبوں میں کام ہو رہا ہے، خواتین کو بااختیار بنانے، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت پر بھی کام جاری ہے، خواتین نے ہر فورم پر اپنی کارکردگی کے ذریعے اپنے آپ کو منوایا ہے، مردم شماری سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور مستقبل کی پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن پارلیمانی کاکس کے زیر اہتمام جمہوریت اور سماجی انصاف کے فروغ میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کے کردار کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب اور افغان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم انسداد پولیو سیل کی چیئرپرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھیں۔ویمن پارلیمانی کاکس کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے روز مختلف سیشن ہوئے جن میں خواتین کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا ، ملکی و غیر ملکی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے اظہار خیال کیا اور تجاویز پیش کیں ، پہلے سیشن میں خواتین کو معاشرے میں جن تعصبات کا سامنا کر نا پڑتا ہے اس پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دوسرے سیشن میں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکانے تیسری جنس کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا ، تیسرے سیشن میں پائیدار اترقی کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح خواتین پارلیمنٹرینز پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں ، سری لنکا، میانمار، مالدیپ، ایران ، عراق، اردن ، رومانیہ ، کرغزستان ،نیپال ، آسٹریلیا اور انڈونیشیا سے آنے والے خواتین پارلیمنٹریزنے کانفرنس کے مختلف سیشن میں بھر پور حصہ لیا اور اپنے اپنے ملکوں کے تجربات سے آگاہ کیا۔