اسلام آباد(نمائندہ جنگ+جنگ نیوز)چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ ایشیا کی مشترکہ پارلیمنٹ کا وقت آگیا ہے،مغرب اوراستعماری قوتوں نے ہمیشہ ایشیاء کے عوام کا استحصال کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ کہ ایشیاء کے عوام اپنے مقدر کا فیصلہ خود کریں۔ ایشیائی خطے کا مقدر یہ نہیں کہ مغربی قوتیں ان کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کریں بلکہ قدرتی وسائل سے مالا مال ایشیاء کے خطے کا مقدر اس کے عوام کے ہاتھوں میں ہے تاہم بدقسمتی سے یہ خطہ مسائل کا شکاررہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار ایشیائی پارلیمان کے قیام کے خصوصی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں بھارت اور افغانستان سمیت 23ملکوں کے 70سے زائد اراکین پارلیمنٹ اور مندوبین شریک ہیں۔ اس اہم اجلاس کا انعقاد سینیٹ آف پاکستان نے کیا ہے جو کہ 17مارچ تک جاری رہے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اگر ہم آئندہ نسلوں کی توقعات پر پورا نہ اترسکے تو تاریخ ہمیں کبھی بھی معاف نہیں کرے گی۔ اس خصوصی کمیٹی اور اے پی اے کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاسوں میں اراکین پارلیمنٹ کو تبادلہ خیال اورملکر آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ میاں رضاربانی نے یہ بات واضح کی کہ قوموں کے درمیان دوطرفہ مسائل اور علاقائی اختلافات ہوتے ہیں لیکن جب ہم ایک فورم پر بیٹھے ہوں تو ہم ان لوگوں کی نمائندگی کررہے ہیں جو مسائل کا شکار ہیں اور جنہیں دہشت گردی کا سامنا ہے اور جن کا استحصال ہو رہا ہے لہذا ضروری ہے کہ ہم آگے بڑھیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ استعماریت اور نوآبادیاتی نظام کے ذریعے نہ صرف ایشیاء کے لوگوں کا استحصال کیا جارہا ہے بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کی شکل میں بھی خطے کو مسائل کا سامنا ہے۔