ڈیرہ غازیخان (نمائندہ جنگ) شہر کے وسط میں واقع کلمہ چوک تا مولانا فضل الحق روڈ انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور سڑک کے اطراف گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ روڈکے درمیان میں آئرن مارکیٹ کی وجہ سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ سڑک پر کھڑے ٹیئرز اور گارڈرز سے بھرے ٹرالے رات اور دن کے اوقات میں سامان اتارتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر اوقات ٹریفک بند کر دی جاتی ہے جبکہ رات کو لوڈ شیڈنگ کے باعث لوہے کے خطرناک سامان اتارتے وقت کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں۔مکینوں صفدر حسین ، سجاد حسین کھوسہ ، ملک محمد سلیم ، محمد لطیف شاہ ، سردار اقبال خان کھوسہ ، شاہد افتخار ، حماد رؤف ، محمد رمضان ، نجیب الرحمن اور دیگرنے ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم ،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم و ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سڑک کی از سر نو تعمیر کر کے آئرن مارکیٹ کو یہاں سے باہر آئرن مارکیٹ کی مختص شدہ جگہ سمینہ روڈ پر منتقل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت کی بہترین سہولیات میسر ہوسکیں ۔