کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلا ول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ٹھٹھہ اور سجاول میں صحت کی سہولیات کو بہتر بناتے ہوئے سندھ پیپلز ایمبولینس سروس شروع کر کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو حقیقت کا روپ دے رہی ہے‘انہوں نے یہ بات آج وزیر اعلیٰ ہاؤس کے بینکیوٹ ہال میں ٹھٹھہ اور سجاول کے لئے سندھ پیپلز ایمبولینس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ‘انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت امن فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت میں ایمبولینس سروس شروع کر کے ہماری شہید قیادت کے خواب کو حقیقت کا روپ دے رہی ہے‘ٹھٹھہ اور سجاول کے 200سے زائد مقامی افراد کو ان کے متعلقہ علاقوں میں ایمر جنسی ہیلتھ سروس کی فراہمی کی تربیت دی گئی ہے‘ یہ ایک نئے جہد کی شروعات ہے سندھ حکومت نے صوبے کے لوگوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی شروع کی ہوئی ہے اور اس ایمبولینس سروس کے دائرے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی ) کا فروغ چاہتے ہیں ‘ زرداری نے جب پاکستان کے صدر کا عہدہ سنبھالا تو بحیثیت صدر پاکستان انہوں نے سندھ حکومت اور ان کی (جب وہ صوبائی وزیر خزانہ تھے ) رہنمائی کی تھی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت متعدد میگا پروجیکٹس شروع کئے گئے‘آصف علی زرداری کی گائیڈ لائنز کی پیروی کرتے ہوئے سندھ حکومت نے پی پی پی موڈ کے تحت میگا پرو جیکٹس شروع کئے جن میں دریائے سندھ پر جھرک - ملاں کاتیار پل ، حیدر آباد - میرپور خاص روڈ اور دیگر منصوبے شامل ہیں ‘انہوں نے صوبے کے لوگوں کو یقین دلایا کہ صوبے کے ہر کونے میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔پیپلزایمبولینس کا سجاول اور ٹھٹھہ میں کالنگ کوڈ 1036 ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 25 ایمبو لینسو ں کے ذریعے اس منصوبے کا آغا ز کیا گیا ہے اور ان ایمبولینسوں میں زندگی بچانے کی تمام بنیادی سہو لیا ت و آلات دستیاب ہیں ۔ ان 25ایمبولینسوں میں سے12 ٹھٹھہ اور 10 سجاول کو دی گئی ہیں جبکہ باقی 3 بیک اپ میں رکھی گئی ہیں ۔ ان ایمبولینسوں کے آپریٹنگ اخراجات تقریباً 268.31 ملین روپے ہوں گے۔قبل ازیں چیئر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ربن کاٹ کر سروس کا افتتاح کیا۔