راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)محکمہ اوقاف پنجاب نے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث اپنے منیجرز کو پنجاب بھر میں اہم درباروں اور مزارات کی سکیورٹی کیلئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس سے مدد لینے کی ہدایت کردی ہے۔جس کے بعد ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے جس میں مدد طلب کی گئی ہےاور موقف اختیارکیا گیا ہے کہ فنڈز کی ناکافی دستیابی کے باعث محکمہ فوری طور پر ناگزیر سکیورٹی انتظامات کو عملی جامہ نہیں پہنا سکتا ہے۔اس لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ اوقاف کے زیر انتظام درباروں اور مزارات میں جمعرات اور جمعہ کو خصوصی پولیس سکیورٹی فراہم کریں۔جس پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے مزارا تتکےسکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سپیشل برانچ کی رپورٹ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھجوادی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ رپورٹ میں نشاندہی شدہ کمزوریوں کو دور کرکے آگاہ کریں۔ سپیشل برانچ نے ضلع راولپنڈی کے35کے قریب درباروں کا سکیورٹی آڈٹ کرکے رپورٹ تیار کی ہے۔جس میں دربار عالیہ شاہ چن چراغ راولپنڈی،دربار سخی پیر سواں اڈہ،دربار شہید بابا مریڑ حسن،بابا سید دیوان مین بازار لالکڑتی،دربار سخی شاہ پیارا چوہڑہڑپال ویسٹریج،دربار سخی شاہ جہان سرکار کمیٹی چوک مری روڈ،دربار گوہر علی شاہ پیر ودھائی،دربار عالیہ موہڑہ شریف خیابان سرسید پیرودھائی،دربار عالیہ بابا روڈے شاہ رتہ امرال،دربار پیر عبدالغنی آف کوہاٹ گلستان کالونی،دربار باباچاڑ چکلالہ،دربار پیر صحابہ سرکار چک بیلی روڈ،دربار نوگزہ سرکار چکوال روڈ تھانہ مندرہ،دربار بنگالی شریف چکوال روڈ،دربار بابا فضل شاہ کلیامی مندرہ،دربار عالیہ بابا بن شاہ کمال دولتالہ،دربار عالیہ بابا نذر شاہ دیوان بادشاہ راولپنڈی،دربار عالیہ صندوری شہید سرائے کالا چوک ٹیکسلا،دربار عالیہ فاضلیہ عبداللہ شاہ گھڑی افغاناں واہ کینٹ،دربار عالیہ بابا حاجی بگا درکالی معموری راولپنڈی،دربار عالیہ بابا غلام بادشاہ نتھہ شریف کلرسیداں،دربار عالیہ پیرمفاث دوبیرن کلر سیداں،دربار عالیہ بابا معصوم بادشاہ کلرسیداں،دربار عالیہ بابا شہید گرجا روڈ راولپنڈی،دربار عالیہ بابا گوہر ریاض آباد راولپنڈی،دربار موہڑہ شریف مری،دربار بابا لعل حسین شاہ سوراسی سیداں مری،دربار عالیہ صوبیدار مسخف شریف بلاوڑہ شریف کوٹلی ستیاں،دربار عالیہ ملک سورج اولیاء پوٹھہ شریف مری،دربار عالیہ بابا بدھو شاہ ٹریٹ سیداں مری،دربار عالیہ الف،ل،م سید منور حسین شاہ چھرہ پانی مری،مزار مست قلندر لوئر ٹوپہ مری،دربار عالیہ دائود شاہ حقانی شاہ خاکی کلرسیداں شامل ہیں۔ان درباروں میں کچھ محکمہ اوقاف جبکہ باقی متولیوں اور گدی نشینوں کے پاس ہیں۔ادھر محکمہ اوقاف ضلع راولپنڈی نے دربار معصوم شاہ ریلوے روڈکے قبضہ اور مزار سے غیر قانونی وصولی کی روک تھام کیلئے محکمہ ریلوے سے رابطہ کرلیا ہے۔ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف کی طرفسےڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کو بھجوائے جانے والے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تحت دربار محکمہ اوقاف کی ملکیت ہے۔اور اس کا کنٹرول لینے کے احکامات جاری ہوچکے ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب نے بھی ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف پنجاب کو معاملے کی تحقیقات کرکے ضروری ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔اس لئے دربار معصوم شاہ کا قبضہ بلا تاخیر محکمہ اوقاف کے حوالے کیا جائے۔ دبار سے حاصل ہونے والی آمدنی اور نذرانے اوقاف کے سرکاری اکائونٹ میں جمع کرائے جانے ہوتے ہیں ۔