وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدلتی دنیا میں پاک چین دوستی امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک طاقتور قوت رہے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ 'پاک چین اسٹریٹیجک کو آپریٹو پارٹنرشپ' پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگِ بنیاد رہے گی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی میرے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی مستقل حمایت پر چین کے صدر کا شکریہ ادا کیا، علاقائی امن و استحکام کے لیے انکی دور اندیشی پر مبنی چار نکاتی تجویز کو دل سے سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اسٹریٹیجک ہم آہنگی کو مزید گہرا کرنے اور سی پیک کی ترقی کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
انھوں نے کہا کہ صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، کلین انرجی، ڈیجیٹل تبدیلی اور خلائی تعاون کے شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کہا میں نے صدر شی جن پنگ کے تاریخی عالمی اقدامات کی بھی تعریف کی، صدر شی جن پنگ کے اقدامات دنیا بھر میں امن، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دے رہے ہیں۔