گھارو + ٹھٹھہ (نامہ نگار)ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں گاڑھو بگھان بابیو جوھو کیٹی بندر کی شاخوں میں گذشتہ تین ماہ سے پانی کی شدید قلت ہے جبکہ ٹیل کے حصے میں پانی کی جگہ شاخوں میں مٹی اڑ رہی ہے پانی کے شدید بحران کے باعث لاکھوں ایکڑ اراضی پر کاشت فصلیں پانی نہ ملنے کے باعث تباہ ہو چکی ہیں اور آبادگاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ فصلیں تو ایک طرف ان علاقوں میں پینے کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں اور عوام دور دراز سے پانی خرید کر لا رہے ہیں۔ اس صورتحال میں بھی ایریگیشن کا عملہ بھاری لین دین کے بعد بااثر آبادگاروں کو پانی فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ ساحلی علاقوں کے آبادگاروں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ شاخوں میں پانی چھوڑا جائے اور ٹیل تک پانی کی ترسیل ممکن بنائی جائے۔