• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 کرکٹرز ایف آئی اے طلب، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

کراچی/لاہور (اسٹاف رپورٹر/نیوز ایجنسیز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے موقع پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل پانچوں کھلاڑیوں خالد لطیف، شرجیل خان، محمد عرفان، شاہ زیب حسن اور ناصر جمشید کو آج بروزپیر کو طلب کیا ہے۔ مذکورہ کھلاڑیوں سے اسپاٹ فکسنگ سے متعلق تحقیقات اور سوالات پوچھے جائینگے۔ پیر کو ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کھلاڑیوں کا بیان ریکارڈ کریں گے۔جبکہ ایف آئی اے نے وزارت داخلہ سے پانچوں کھلاڑیوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کیلئے خط لکھ دیا ہے۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے بمشکل ٹیم کی ساکھ بحال ہوئی تھی، کرپشن میں ملوث کرکٹرز پر ہمیشہ کے لیے کھیل کے دروازے بند کر دینے چاہئیں۔ انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔ ہم نے سات سال سے کوشش کی ایسا لگ رہا ہے کہ ہماری محنت پر پانی پھر گیا ہے۔ ایسا قانون بنایا جائے تاکہ کوئی جرات نہ کرسکے۔ اتوار کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت میں مصباح الحق نے نے ناصر جمشید کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران منظر عام پر آنے والے اسکینڈل میں جن چار کھلاڑیوں کو معطل کیا گیا ہے ان میں سے تین کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کا تعلق مصباح الحق کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہے۔دورہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں سوال پر مصباح نے کہا کہ انہیں یہ سیریز مشکل لگ رہی ہے۔
تازہ ترین