کراچی (اسٹاف رپورٹر)بن قاسم مری گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق بن قاسم تھانے کی حدود مری گوٹھ چانڈیو محلہ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب گھر کے اندر نامعلوم ملزمان نے گھس کر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جسکی شناخت45سالہ مہراب چانڈیو ولد جمن چانڈیو کے نام سے ہوئی ۔ایس ایچ او دھنی بخش مری کے مطابق مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ رات کے وقت انکی آنکھ فائرنگ کی آواز سے کھلی جسکے بعد انہوں نے دیکھا تو مقتول کی لاش کمرے میں پڑی تھی تاہم انہوں نے کسی ملزم کو نہیں دیکھا،مقتول کو گردن میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ایس ایچ او نے بتایا کہ متقول نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور اسکی دونوں بیویاں اور بچے بھیگ مانگتے ہیں اور وہ خود گداگروں کا سپر وائزر تھا۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کی لاش کو ورثاء تدفین کے لیئے لاڑکانہ لے گئے ہیں اور انکا کہنا ہے کہ وہ واپس آ کر مقدمہ درج کروائیں گے،ایس ایچ او کے مطابق بظاہر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔