سکھر (بیورو رپورٹ) ڈویژنل اوور سائیٹ کمیٹی اور ڈویژنل ڈیولپمنٹ بورڈ سکھر کا اجلاس کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سکھر ، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں مختلف پرائمری ، ایلیمنٹری ، سیکنڈری اسکولوں اور کالجوں کی زبوں حال چھتوں کی تبدیلی اور مرمتی کام کے لئے مجموعی طور پر 190ملین روپے کی لاگت کی مختلف اسکیمیں منظوری کے لئے بھیجی گئی ہیں۔ جن اسکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ایجوکیشن اینڈ ورکس ڈسٹرکٹ سکھر کی جانب سے مختلف اسکولوں اور کالجز کی مرمت کے لئے 80ملین روپے کی اسکیمیں جبکہ خیر پور ضلع کے لئے 33ملین اور گھوٹکی ضلع کے لئے 75ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔ ڈویژنل اوور سائیٹ کمیٹی اور ڈویژنل ڈویلپمنٹ بورڈ گھوٹکی میں افسران کے لئے رہائشی کالونی کی مرمت کے لئے 24لاکھ سے زائد رقم کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ تعلقہ اوباڑو کے گاوٴں ھنبھڑا میں گیس کی فراہمی کی اسکیم کے لئے 40ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔ بورڈ کی جانب سے خیرپور ضلع میں تعلقہ اسپتال کوٹڈیجی کی منتقلی کی تعمیر کی اسکیم کے لئے 40ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ 71ملین روپے کی لاگت سے مختلف روڈز کی مرمت کی اسکیمیں بھی منظور کی گئیں ۔کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے خراب حالت میں موجود اسکولوں کی تعداد جمع کر کے تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے اور ڈپٹی کمشنر سکھر ان رپورٹس کو سیکریٹری تعلیم سے منعقدہ اجلاس میں پیش کریں ، انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو یہ بھی ہدایت کی کہ فوری مرمتی کام والے اسکولوں کو نئی اے ڈی پی اسکیموں میں بھی شامل کیا جائے ۔