مظفرآباد (نامہ نگار)نیلم جہلم پراجیکٹ میں کام کرنے والے چائنیز اور دیگر غیر ملکی باشندوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اس کیلئےاضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے،ایس پی سیکیورٹی نیلم جہلم پراجیکٹ راجہ فیاض جو آئی جی پولیس کی خصوصی ہدایت پر جملہ امور کی خود نگرانی کر رہے ہیں ،انہوں نے نوسیری ،ٹھوٹھہ مالسی ،چھتر کلاس،سٹیل فیکٹری ،مجہوئی کے روزانہ ہنگامی دورے کرنے کے بعد سیکیورٹی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا ہے ۔ ایس پی سکیورٹی نیلم جہلم پراجیکٹ راجہ فیاض احمد خان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ چینی اور غیر ملکی ماہرین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے جملہ وسائل بروئے کار لائینگے ،موجودہ ملکی صورتحال کے باعث نیلم جہلم پاور پراجیکٹ میں کام کرنے والے تقریباً 1410 چینی ماہرین کی سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے ۔اور کیو آر ایف سکواڈ مامور کر دیا ہے اور سول کپڑوں میں بھی نفری سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تعینات کر دی ہے ،پراجیکٹ میں آنے والے سول افراد اور کام کرنے والے سویلین کی بھی شناخت،جانچ پڑتال کی جا رہی ہے ۔مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے ۔منشیات کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔انہوں نے مقامی لوگوں سے تعاون کی اپیل کی ہے انہوں نے کہا کہ چائنیز فارنر کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے جملہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،سکیورٹی کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے ،تاہم مزید اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔