اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو امریکی شہریوں کو ویزے جاری کرنے کا اختیار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دیا تھا جس کیلئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اس وقت کی پرنسپل سیکرٹری نے مبینہ طور پر سیکرٹری داخلہ کو خط لکھاتھا۔ باوثوق ذرائع نے بتا یا ہے کہ یہ خط 14 جولائی 2010 کو لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن میں متعین سفیر کو یہ اختیار دیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان آنے والے امریکی شہریوں کو انٹری ویزہ جاری کرسکتے ہیں۔ یہ بھی لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم نے انہیں یہ اختیارات دیئے ہیں کہ وہ نہ صرف ایک سال کا ویزہ دے سکتے ہیں بلکہ ویزہ کی درخواست میں متعلقہ حکام کو بھیجنے کی بھی ضرورت نہیں ہے صرف وزیراعظم آفس کو آگاہ کردیا جائے۔ یہ کہا گیا کہ محکمہ خارجہ امریکہ بتائےگا کہ کسے ویزہ جاری کرنا ہے۔