لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکمران جماعت کے لوگوں کے رویوں میںتلخی بڑی معنی خیز ہے ،ایک طرف مختلف منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کے دعوے کئے جارہے ہیں اور دوسری طرف اربوں روپے ناکام منصوبوں میں جھونک دئیے گئے ، مہنگائی اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھنے سے متعلق مرکزی بینک کی تازہ ترین رپورٹ حکمرانوں کے دعوئوں کی قلعی کھولنے کے لئے کافی ہے ۔ ایک انٹر ویو میں اعترازا حسن نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بعد آصف علی زرداری کے دورہ لاہور سے (ن) لیگ والوں کی پریشانی ان کے چہروں سے صاف عیاں ہے جبکہ وفاقی و صوبائی وزراء اپنے بیانات سے بھی اس کا اظہار کر رہے ہیں۔ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے سے پہلے حکمران جماعت کے لوگوں کے رویوں میں تلخی بھی بڑی معنی خیز ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت جلد پنجاب میں جلسوں کا انعقاد کرے گی جس میں حکمرانوں کی شفاف کرپشن کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران بڑھکیں لگا کر یہ تو بتاتے ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی لیکن یہ نہیں بتاتے کہ سستی روٹی، دانش اسکول، آشیانہ سمیت دیگر ناکام منصوبوں میں قوم کے کئی گنا زائد جھونک دئیے گئے ۔ موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن کے نت نئے طریقے متعارف کرائے گئے ۔ موجودہ حکمرانوں کے اقتدار سے رخصت ہونے کے بعد ان کی کرپشن کی غضب کہانیاں سامنے آئیں گی۔