سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ آصف اور صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ منشاءاللہ نے اتوار کے روز مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ شہریوں کی بڑی تعدادنے وفاقی و صوبائی وزرا کو در پیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر بلدیات نے اسموقع پر کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار کو یقینی بنانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کی سختی سے نگرانی کریں اور اس سلسلہ میں گڑ بڑ کرنے والے کنٹریکٹر اور اہلکاروں کے خلاف تحریری درخواست دیں تاکہ ان کا محاسبہ کیا جاسکے ۔ انہو ں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی اور خرابی ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئر نگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو متنبہٰ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورفنڈز کی ایک ایک پائی پوری دیانتداری سے خرچ کی جائے گی ۔جس پر انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کو ہدایات اور احکامات جاری کئے ۔