سرگودھا(نامہ نگار)کینال ریسٹ ہاؤ میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام پھولوں کی چھ روزہ نمائش کا افتتاح پی ایچ اے کی چیئر پرسن وایم پی اے ڈاکٹرنادیہ عزیز اور ڈپٹی کمشنروڈی جی پی ایچ اے لیاقت علی چٹھہ نے کیا ۔ نمائش میں خواتین اور بچوں سمیت فیملیز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نمائش میں مختلف نرسریوں کی طرف سے پھولوں کے ذریعے ایف 16،میزائل ، پاکستانی پرچم ، مور و دیگر اشیا ء کے نمونے بنائے گئے ہیں جنہیں شائقین نے خوب پسند کیا ۔ چھ روزہ نمائش میں پانچ روز فیملیز کیلئے اور آخری روز صرف خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔اس موقع پر سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے بچوں نے ملی نغمے پیش کر کے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نادیہ عزیزاورلیاقت چٹھہ نےکہاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ پھولوں کی نمائش ہمارے لئے خوشگوار تبدیلی کا پیغام دے رہی ہے۔نمائش سے خواتین ، بچوں سمیت شہریوں کو تفریح کے خوشگوار لمحات میسر آئیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایچ اے ذوالقرنین لنگڑیال ، ڈپٹی ڈائریکٹر میاں طاہر جمیل ، شفیق الرحمن ،رانا شاہد عمران ودیگر افرادبھی موجود تھے۔