پشاور(سٹی رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما خلیل الرحمان خٹک نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تلاشی دینے تک اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیں کیونکہ وہ اب ایک متنازعہ سپیکر بن چکے ہیں ‘ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 126 دن تک نواز شریف کی تلاشی کا ذکر کرتے رہے اب جبکہ ان کے سپیکر پر خود کرپشن کے الزامات لگ چکے ہیں تو وہ تلاشی دینے سے کیوں کترا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ اب ثابت کرے گا کہ نواز شریف پانامہ کیسز سے کلین ہو کر باہر آئینگے اور عمران خان کے پاس ندامت کے سواء کچھ نہیں ہوگا ان کا کہنا تھا کہ آنے والے الیکشن میں خیبر پختونخوا مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ثابت ہو گا اور صوبے میں حکومت قائم کر کے مخالفین کے منہ بند کردینگے ۔ خلیل خٹک نے بتایا کہ ن لیگ کی مثبت پالیسیوں کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا ایک اچھا امیج ابھر کر سامنے آیا ہے ۔