• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین کی بالادستی یقینی بنائی جائے تو ملک مسائل سے نکل آئے ، سراج الحق

لاہور( نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں منعقدہ عالمی محفل حسن قرأت کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی امن کی ضمانت صرف قرآن پاک کا آفاقی نظام دے سکتاہے ۔ حکمران عالمی سامراج سے ڈرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی خشیت اختیار کریں اور ملک میں آئین و دستور کی بالادستی کو یقینی بنائیں تو پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل کر خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہوجائے گا ۔ تاریخ گواہ ہے کہ قرآن پاک کو تھام لینے والی قومیں ہمیشہ عالمی افق پر جگماتی اور عزت و وقار حاصل کرتی رہی ہیں اور جن لوگوں نے قرآن پاک کی تعلیمات سے منہ موڑا وہ پستی کی اتھاہ گہرائیوں میں گم ہو گئے  ۔ محفل حسن قرأت میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو ، حافظ محمد ادریس ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ   سمیت منصورہ کی بستی اور ارد گرد کی بستیوں سے کارکنان جماعت اور ہزاروں افراد نے شرکت کی او ر تلاوت قرآن پاک کی سماعت سے اپنے دلوں کو منور کیا۔ محفل حسن قرأت میں مصر سے محمد نصر طاروطی ، محمد حسن الخیاط ، سامح شرقاوی ، محمد شیر، ملک کے معروف قاری احمد میاں تھانوی ، مومن شاہ ، احسان اللہ ، عبدالغفار روپڑی ، جامع مسجد منصورہ کے امام قاری وقار احمد چترالی و دیگر معروف قراء حضرات نے شرکت کی اور قرآن پاک کی تلاوت کی سعادت حاصل کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  حکمران ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح قومی وسائل ہڑپ کرتے رہے ۔ عوام ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔سینیٹر سراج الحق نے مصر سے آئے ہوئے مہمان قرأ کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین