• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخوپورہ حادثہ، گیٹ مین نےدیر سے اطلاع دی ، ٹرین سگنل کراس کرچکی تھی،ابتدائی تحقیقات

لاہور(نمائندہ جنگ) شیخوپورہ ٹرین حادثے کی  ابتدائی تحقیقات کے مطابق گیٹ مین نے غیر معمولی وقت ضائع کیا جبکہ اسے ٹینکر کا ایکسل ٹوٹنے کا علم ہونے کے بعد وقت کا دانشمندانہ استعمال کرتے ہوئے نائٹ کوچ کو روکنے کے لیے بروقت اطلاع پہنچانی چاہیے تھی۔ ریلویز ہیڈکوارٹرزآفس لاہور میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ جس وقت گیٹ مین نے سگنل اپ کرنے کے لیے اطلاع دی اس وقت ٹرین سگنل کراس کرچکی تھی ۔ انجن کے معائنے سے ثابت ہواکہ ٹرین ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی مگر گاڑی پوری طرح نہ رک سکی اجلاس میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہورمحمد سفیان ڈوگر نے  تحقیقات میں پیش رفت کے بارے  میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرآف ریلویز یکم اپریل کو اپنی تین روزہ تحقیقات مکمل کریں گے جس کے بعد حادثے کے حوالے سے اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حادثے میں نقصان بھی پاکستان ریلویز کا ہوا اور مخصوص مفادات کے لیے ٹارگٹ بھی پاکستان ریلویز جیسے قومی ادارے کو بنایا جارہاہے جوقابل افسوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے افسران  حوصلہ مت ہاریں، ہم پاکستانی قوم کو ایک جدید اور محفوظ ریلوے دینے کا عہدپورا کریں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چینی ساختہ انجن اور بوگیوں کی مرمت کا تخمینہ تیار کیا جارہا ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مالی نقصان سے بڑا نقصان یہ ہے کہ ہمارے دوتجربہ کار کارکن اس حادثے میں شہید ہوگئے۔ یہ نقصان ناقابلِ تلافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات میں سامنے آنے والی خامی ، کمی اور کوتاہی پر غور کرنے کے لیے اجلاس ہفتے کے روزدوبارہ ہوگا۔ ریلوے کے پروفیشنل اورتجربہ کار افسران سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز میں بہتری کے لیے تجاویز چوبیس گھنٹوں کے اندر تیار کریں۔ انہوں نے اس موقع پر افسران کو وزارتِ دفاعی پیداوار کے ذیلی ادارے نیسکام کے ساتھ ٹرینوں کے حادثات کی روک تھام کے نظام کی تیاری میں پیش ر فت کے حوالے سے بتایا کہ پاک فوج کے اعلیٰ افسران ان کی درخواست پر اس نظام کی جلداز جلد تیاری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ لیول کراسنگز پر خصوصی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے  ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  کہا  کہ پاکستان ریلویز تاریخی اثاثوں کا امین ہے، ریلوے کی تاریخی عمارتوں کے حسن اور وقار کو بحال کرتے ہوئے انہیں آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایاجائے گا۔ وفاقی اور صوبائی لسٹوں میں درج تاریخی عمارتوں کا نہ صرف تحفظ کیا جائے بلکہ ان کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے خصوصی فنڈزبھی مختص کیے جائیں گے۔ انہوں نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کی حالت کو بہتر بنایاجائے، تاریخی حسن کو بحال کیا جائے ، رات کے وقت اس کی خوبصورت لائٹس سے آرائش کی جائے، فوڈ کورٹ قائم کی جائے ۔  انہوں نے ڈپٹی جنرل منیجر فرید احمد کو ہدایت کی کہ2 میوگارڈن کی عمارت کے تاریخی حسن کو بھی بحال کیا جائے انہوں نے اس موقع پر سی پیک ٹیم کے دفتر کے طور پر استعمال ہونے والی عمارت کی محرابیں بھی بحال کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ گولڑہ شریف میں ریلوے سے تعلق رکھنے والے تاریخی نوادرات کا بہتر ڈسپلے کیا جائے۔
تازہ ترین