گجرات (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے گجرات کا بیڑا غرق کر دیا ہے ہر طرف کوڑے کے ڈھیر ہیں ابھی تک ہمارے ہی ترقیاتی کام جاری ہیں۔نو سال سے یہ اقتدار میں ہیں لیکن گجرات میں کوئی بہتری کا منصوبہ نہیں لا سکے۔ یہ سب مل کر گجرات کو سزا دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سبزی منڈی میں صدر راجہ شہباز، جنرل سیکرٹری مہررضوان و دیگر عہدیداران کی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چوہدری مونس الٰہی نے مزید کہا کہ تاجر طبقہ موجودہ حکومت سے تنگ آ چکا ہے بجلی کے بحران نے کاروبار ختم کر دیے ہیں۔ صدر سبزی منڈی راجہ شہباز رشید نے کہا کہ سابق صدر نے کروڑوں کا فراڈ کیا ہے۔ مجھ پر جھوٹے پرچے کروا کر جھکانے کی کوشش کی گئی مگر عدالتوں سے اللہ کے کرم سے باعزت بری ہوا۔ ہم نے تو حاجی ناصر کو بھی حلف دے کراپنی صفائی بتائی مگراس نے بھی شریف لوگوں کی بجائے برے لوگوں کا ساتھ دیا۔