جمعیت علما اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوسروں نے ہمیشہ پراکسی وار کے لئے استعمال کیا،ہماری خارجہ پالیسی بہت کمزور رہی ہے۔
نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ70 سال بعد چین کے ساتھ دوستی، اقتصادی دوستی میں تبدیل ہوئی ہے، سی پیک کے ساتھ ہمارا روشن مستقبل وابستہ ہے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ چین کی کمیونسٹ پارٹی نے جے یو آئی( ف) کو فرینڈ پارٹی قرار دیا ہوا ہے،چین کےساتھ دوستی کو مزید کارآمد اور مفید بنانا چاہیے۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ مستحکم پاکستان پڑوسیوں اور پوری دنیا کے لئے ضروری ہے،حکمرانوں نے ملک کوپراکسی جنگوں کے لیے آماجگاہ بنا دیاہے،ہم کسی ملک کے دشمن نہیں ہیں، دنیا کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں غلامی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پر ہمارا مؤقف بالکل درست ہے،کئی ممالک مسئلہ کشمیر پر ہمارا ساتھ اس لیے نہیں دیتےکہ ان کے بھارت کے ساتھ معاشی مفادات ہیں۔