ٹوکیو (عرفان صدیقی) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھٹو خاندان نے شہادتیں دیکر پاکستان میں جمہوریت کا تحفہ دیا ہے۔ ٹوکیو میں پیپلزپارٹی کے رہنمائوں شاہد مجید اور سید مجاہد عباس شاہ کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا اور اس پر عمل بھی کرکے دکھایا ، پاکستان کو ایٹمی پروگرام دیا جبکہ ان کی جدوجہد کی بدولت ہی پاکستان میں جمہوریت کو استحکام ملا۔ راجہ پرویز اشرف نے پاکستانی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج میڈیا صرف بریکنگ نیوز کی دوڑ میں پاکستان کا منفی چہرہ دنیا کے سامنے لانے کا سبب بن رہا ہے ورنہ پاکستان میں بہت کچھ اچھا بھی ہے لیکن اسے دکھانے والا کوئی نہیں ہے۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نعیم آرائیں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔