اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پارلیمانی استحکام کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں،پاکستان میں جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے، ارکان پارلیمنٹ کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات کئے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان برطانیہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت کی برطانوی وفد کو پاکستان میں پارلیمانی نظام اور سیاسی اصلا حا ت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے سیکرٹریٹ قائم کر دیا گیا ہے، پار لیما نی ارکان کیساتھ اسٹاف کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی عمارت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے، ارکان پارلیمنٹ کی معاونت کیلئے نوجوان ریسرچرز کو رکھا گیا ہے۔ بعد ازاں سوالات کے سیشن میں پاکستان برطانیہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس میں تنازعہ کشمیر، جمہوریت کے استحکام، انسداد دہشتگردی کے معاملہ پر تعاون، پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقا ت، ثقافت اور تعلیم پر روشنی ڈالی گئی۔ پارلیمانی وفد نے پاکستان کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات مزید مستحکم بنانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے۔