اسلام آباد (وقائع نگار)راولپنڈی اسلام آباد اور گرد نواح میں شدید بارشوں کی وجہ سے پی آئی اے اور دیگر پروازوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ سکھر سےاسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 390 کو واپس کراچی میں اتار لیا گیا ۔ اس پرواز میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور ارکان اسمبلی بھی سوار تھے جو گڑھی خدا بخش میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے پرواز میں سینیٹرز اعتزاز احسن اور رحمان ملک سمیت دیگر اہم شخصیات سوار تھیں ۔ لاہور ،ملتان کے درمیان چلنے والی چار پروازوں کی آمد رفت میں کئی کئی گھنٹے تاخیر ہو گئی جبکہ کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 363نہ آ سکی ، چائینہ ایئر لائن کی بیجنگ سے اسلام آباد آنے والی پرواز بھی اسلام آباد میں لینڈ نہ کر سکی اسے کراچی بھیج دیا گیا ۔