• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی افادیت کم کرنا چاہتی ہے،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت  اسلامی نظریاتی کونسل کی افادیت کو کم کرنا چاہتی ہے ،اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کا تقرر ایک آئینی ضرورت ہے مگر گزشتہ چار ماہ سے یہ عہدہ خالی پڑا ہے اور حکومت چیئرمین کا تقر ر نہ کرکے آئین سے انحراف کررہی ہے ۔اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کی فوری تقرری کی جائے ۔چیئرمین کے بغیر اسلامی نظریاتی کونسل کا کوئی اجلاس نہیں ہورہا  اور قانون سازی کا عمل  بھی تعطل کا شکار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر میں علماءاور وکلاءکے مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے لبرل ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کی افادیت کو کم کرنا چاہتی ہے تاکہ نہ رہے بانس اور نہ بجے بانسری ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ جس طرح کام کو جاری رکھنے کیلئے الیکشن کمیشن میں ایک قائم مقام چیئرمین کا تقرر کرکے آئینی ضرورت کو پورا کیا گیا اسی طرح اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کی خالی آسامی کو بھی پر کیا جاتالیکن چار ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی حکومت نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔
تازہ ترین