ملتان کے شہری بارات میں پھر شیر لے آئے،ملتان میں ایک ماہ کے دوران ایسی تیسری شادی دیکھنے میں آئی جہاں باراتیوں کے ساتھ شیر بھی پنجرے میں لایا گیا۔
ملتانیوں کے سر پر شیخیاں بگارنے کا شوق سوار ہوگیا، بارات میں ایک طرف شیر لانے کی روایت چل پڑی ہے تو دوسری جانب بارات کے ششکے بڑھانے کیلیے بگیوں، اونٹ گاڑیوں اور لیموزین گاڑیوں کا استعمال بھی عام ہوچکاہے، ملتان میں ایسی ہی ایک اور شادی منعقد کی گئی۔
اندرون شہر سے معصوم شاہ روڈ پر واقع شادی ہال پہنچنے والی بارات میں شامل شیر کو دیکھ کر سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا اور بارات لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
شادی پر آنے والے باراتی گاڑیوں کے علاوہ بگھیوں اور اونٹ گاڑیوں پر بھی سوار تھے، اس موقع پر باراتیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر خوب جشن منایا۔
گزشتہ دنوں ملتان میں ہی غلہ منڈی کے تاجر نے بیٹے کی بارات کے لیے 8 لیموزین گاڑیاں کرائے پر منگوائی تھیں، ایک لیموزین گاڑی کا کرایہ 10 ہزار روپے فی گھنٹہ تھا۔
اس سے قبل اندرون شہر ملتان کے عرفان نامی رہائشی کی بارات میں شیر لائے گئے، دولہے کو 50 تولے وزنی سونے کا سہرا پہنایاگیا۔
لڑکی والوں نے بیٹی کو کروڑوں روپے کا جہیز بھی دیا،شادی کی اس تقریب میں لگ بھگ 15 ہزار مہمان شریک ہوئے تھے۔