• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک ، ملاکنڈ ڈویژن نظر اندازہوا تو عوام گریبان پکڑینگے ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی  سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم سی پیک کے منصوبہ میں ملاکنڈ ڈویژن کااپنا حصہ مانگتے ہیں ،ہم سی پیک کے منصوبے میں الگ روٹ چاہتے ہیں جس میں ملاکنڈ ڈویژن کو اپنا بھرپور حق ملے ،اگر مرکزی حکومت نے سی پیک   میں ملاکنڈ ڈویژن کو نظر اندازکیا تو عوام حکام  کے گریبان پکڑینگے، ملک میں دہشت گردی پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کانتیجہ ہے،جب تک حکمران پرویز مشرف کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں،ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان و پاکستان میں امن قائم ہو لیکن خطے میں قیام امن کیلئے نیٹو افواج  کاافغانستان سے انخلاضروری ہے کیونکہ نیٹوافواج کی موجودگی خطے میں دہشت گردی کی سب سے بڑی وجہ ہے ، نیٹو و امریکی افواج کی افغانستان میں موجودگی کا فائدہ اٹھا کر بیرونی تخریب کار ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کررہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر بالا سٹیڈیم میں بڑے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ ،سینیئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتا ق احمد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر کفایت اللہ ایڈوکیٹ، محمد ارشاد ،عرفان سلیم ،فضل کریم ،محمد یار ،مولانا ضیاءالرحمان ،سمیع اللہ ،تنزیل الرحمان ،گل عظیم حیازے سمیت تین سو سے زائد عمائدین ،ممبران ڈسٹرکٹ کونسل و تحصیل کونسل ،ناظمین نے پی ٹی آئی ،عوامی نیشنل پارٹی ،پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا علان کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کے مسائل کی وجہ اسلام آباد کے کنویں میں گند پڑا ہے جب تک کنویں سے گند نہیں نکالا جائیگا اس وقت تک ملک وقوم مسائل سے دوچار رہیں گے۔انہوں نے جلسہ عام میں قرار داد پیش کی کہ سی پیک کے منصوبے میں ملاکنڈ ڈویژن سے چترال کی طرف الگ روٹ بنایا جائے جسے شرکاءنے بھاری اکثریت سے منظور کیا ، انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں نے الیکشن 2018کیلئے سر جوڑ رکھے ہیں کوئی ہیلی کاپٹروں کی بکنگ کی سودے بازی کررہے ہیں تو کوئی ہالی ووڈ کے اداکاروں کو عام انتخابات کیلئے ہائیر کررہا ہے اور انکا خیال ہے کہ اب وہ عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے میں کامیاب ہوجائیںگے لیکن ہم بتا نا چاہتے ہیں کہ عوام ان سیاسی اداکاروں کو پہچان چکی ہے اور وہ اب کسی کے دھوکے میں آنے والے نہیں انشاءاللہ الیکشن2018 میں عوام غلامان امریکہ کو مسترد کرکے غلامان محمد ﷺ کو ووٹ دینگے۔سینیٹر سراج الحق نے اس موقع پر جماعت اسلامی میں شمولیت کرنے والے عمائدین اور نوجوانوں کو مبارکباد دی ۔  
تازہ ترین