چیئرمین سینٹ رضاربانی نے کہا کہ دشمن قوتیں مسلمانوں کوایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتی ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شام کے مسئلے پر حکومت مشاورت کے بعد اقوام متحدہ میں اپنا موقف پیش کرے ۔
نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام کے تین روز ہ اجتماع سے ملکی قیادت نے خطاب کیا۔چیئرمین سینٹ رضاربانی نے کہا کہ ملک کے اندرونی وبیرونی حالات میں یہ اجتماع نہایت اہم ہے، دنیا میں اسلام کے خلاف منصوبے کے تحت سازش کی جارہی ہے۔اسلام کو بدنام اور دہشت گرد مذہب ثابت کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی قوتیں مسلم ممالک میں ابتری پیدا کرنا چاہتی ہیں، مسلم ممالک کو ایک دوسرے سےدست وگریبان کرانا چاہتی ہیں ، مغربی قوتیں ملکوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتی ہیں، بدقسمتی سے وہ اس ساز ش میں کامیاب ہورہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اجتماع سے ایک آواز جانی چاہئے کہ مسلمان ایک ہیں اور وہ اپنے عمل سےاس سازش کوملیا میٹ کردیں گے، انہوں نے شام میں امریکا کے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکومت اقوام متحدہ کےسامنےسوچ سمجھ کرفیصلہ کرے۔
رضا ربانی نے کہا کہ حکومت مشاورت کرے اورپارلیمان کامشترکہ اجلاس بلائے،وہ راستہ اختیارکیا جائےجوپاکستان کی سالمیت کیلئےبہتر ہو۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شا ہ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہےاور اس کے سیاست دانوں پر عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کا سرجوڑ کر حل نکالنے کی ذمے داری عائد ہوتی ہے ۔