سیالکوٹ(نمائندہ جنگ،نامہ نگار ) تھانہ اگوکی کے علاقہ جلیانوالی میں اگوکی دربار ملک شاہ ولی کے قریب خواجہ سراءستارہ کواس کے کمرے سے نامعلوم ملزمان نے اغوا کی کوشش میں مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا جوکہ موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گیا اورملزمان کمرے کاسامان بکھیرنے کے بعد فرار ہوگئے ، قتل کے اس واقعہ کے بعد خواجہ سراؤں کی کثیرتعداد موقع پر پہنچ گئی اور روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ،اور نعرے بازی کرتے رہے ،خواجہ سراءستارہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والے خواجہ سراکی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال پہنچادی ہے ۔ پو لیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقتول کے بھائی ندیم کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔