گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے دہشت گردی ،توانائی بحران ،معاشی مشکلات سمیت کئی محاذوں پر بیک وقت جنگ کی ہے ،نواز شریف کی قیادت میں بہتر اور مستحکم پاکستان عوام کے سامنے ہے ،ترقی اور روشنی والا ملک دیکھ کر عوام میں اعتماد آنا ضروری ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ بزنس سنٹر میں میڈ ان گوجرانوالہ نمائش کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ میڈ ا ن گوجرا نوالہ نمائش ایک اہم سنگ میل ہے جہاں گوجرانوالہ کے ہنر مند شہریوں کی تیار ہوئی صنعتی مصنوعات کا متاثرکن ڈسپلے موجود ہے ۔ میڈان گوجرانوالہ نمائش گوجرانوالہ کے باصلاحیت شہریوں کا ہنر دیکھنے کا موقع فراہم کر رہی ہے ، آنے والے دنوں میں سستی بجلی فراہم کرنا نواز شریف کی ترجیحات کاحصہ ہے ، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پچھلے 9سال میں ایک نیا گوجرانوالہ تعمیر کرکے عوام کے سامنے کھڑا کر دیا جہاں نئے اور جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تعلیم و صحت کے شعبے میں بہت بہتری آئی ہے ،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 25کروڑ روپے سالانہ کی ادویات مریضوں کو مفت فراہم کی جارہی ہیں ، ڈسٹرکٹ ہسپتال میں نیا سرجیکل ٹاور بننے جا رہا ہے۔قلعہ میاں سنگھ مائنر سے ملحقہ آبادی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔گوجرانوالہ ایوان صنعت و تجارت میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھاگلے بجٹ میں صنعتکار اور تاجر طبقے کے لئے آسانیاں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، ایکسپورٹرز کے لئے را میٹریل کی درآمد پر ڈیوٹیز میں کمی کیلئے وزیر اعظم نواز شریف سے درخواست کی گئی ہے ۔