شیخوپورہ(نمائندہ جنگ ) 3 موٹرسائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے میٹر ریڈر کو قتل کر دیا ۔قصبہ مرید کے کے بھر ے بازار میں موٹرسائیکل سوار 3افراد نے فائرنگ کرکے لیسکو کے میٹر ریڈر منیب احمد کو قتل کر ڈالا جو موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے قتل کے خلاف واپڈا لیبر یونین کے عہدیداروں کی قیادت میں سینکڑوں ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے منیب احمد کے قاتلوں کی گرفتار ی کا مطالبہ کیا ہے۔ مرید کے پولیس نے مقتول کی نعش تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے بھجوادی ہے ،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول مرید کے کا رہائشی تھا اور برج اٹاری میں بطور میٹر ریڈر تعینات تھا جہاں اس کا دوروز قبل دو افراد سے جھگڑا ہوا تھا جنہوں نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے منیب احمد کو اس وقت قتل کردیا جب وہ گھر جارہا تھا ۔