اسلا م آباد(نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اورسیکورٹی کی ضمانت دیتا ہے اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم دستور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا جو ملک بھر میں 10اپریل کو منایا جا رہا ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 44سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی مقننہ کے نمائندوں نے ملک کو جمہوریت ،امن و تر قی کی راہ پرگامزن کرنے کے لیے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 44سالوں کے دوران غیر جمہوری قوتوں نے جمہوری طو ر پر منتخب حکومتوں کو ختم کر کے آئین کومعطل کیا جس کی وجہ سے مضبوط وفاق کو دھچکا پہنچا ان غیر جمہوری اقدامات سے ملک میں پروان چڑھنے والے جمہوری کلچر سیکورٹی ،انسانی حقوق اورتر قی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ۔جمہوری قوتوں کی ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ آئین کی بحالی کے لیے جمہوری قوتوں کوآمریت کے دوران بے پناہ مصائب کے باوجود آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں ۔انہوں نے آئین کی بالا دستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دینے والے گمنا م ہیروزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جمہوریت کے گمنام ہیروز نے آئین کے تقدس کے لیے آمروں کی طر ف سے نہ صرف کوڑے کھائے اورقیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں بلکہ پھانسیا ں تک قبول کیں ۔سپیکر نے کہا کہ اب یہ موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن ہمیں اس مقدس دستاویز کے ہر حرف کے تحفظ کرنے کے عہد کا موقع فراہم کرتاہے۔ جس کی وجہ سے ہم بحثیت قوم برابری کی سطح پر اکٹھے ہیں ۔